اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری شدہ اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر پانچ لاکھ، آٹھ ہزار، نو سو ترپن ہوگئی ہے جس میں اٹھارہ ہزار پانچ سو باون نئے کیس شامل ہیں۔ تاہم پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اس بیماری کی وجہ سے تین سو چوراسی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر پندرہ ہزار چھے سو پچاسی ہو گئی ہے۔
دوسری جانب اس بیماری سے نجات پانے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اسی عرصے میں دس ہزار دو سو چوالیس مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں، جنہیں ملا کر مجموعی طور پر دو لاکھ پچانوے ہزار، آٹھ سو اکیاسی مریضوں کو اسپتالوں سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ اس وقت ہندوستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ ستانوے ہزار، تین سو ستاسی ہو گئی ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے پانچ ہزار چوبیس نئے کیس درج کئے گئے اور ایک سو پچہتر اموات ریکارڈ ہوئیں۔ اس کے ساتھ ہی اس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ باون ہزار سات سو پینسٹھ اور مرنے والوں کی تعداد سات ہزار ایک سو چھے ہو گئی ہے۔
دارالحکومت دہلی میں بھی کورونا کی وبا نے قہر برپا کر رکھا ہے اور اب یہ ریاست، نئے کیسز اور اموات کے بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کے ساتھ ملک میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ستتر ہزار دو سو چالیس ہو گئی جبکہ تین ہزار چار سو ساٹھ نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی عرصے میں ترسٹھ مریضوں کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو ہزار چار سو بانوے ہو گئی۔ دارالحکومت دہلی میں سینتالیس ہزار اکیانوے کورونا مریض صحتیاب بھی ہوئے جنہیں اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
342/